راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی حدود میں ریڑھیوں کی بلامعاوضہ رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے اور ریڑھیوں کا ایک یکساں خوبصورت ڈیزائن بنایا جائیگا جن پر ریٹ لسٹ بھی نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ریڑھی بانوں کو ہیلتھ کارڈز بھی مہیا کئے جائیں گے اور ہر رجسٹرڈ ریڑھی کے مالک کا نام، ایڈریس اور فروخت کی جانیوالی اشیاء کی تفصیل کا بھی ریکارڈ رکھا جائے گایہ بات انہوں نے راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے دورہ موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی اجلاس میں چیف آفیسر آر ایم سی علی عباس بخاری، میٹرو پولیٹن افسران اور دیگر تمام متعلقہ حکام بھی موجود تھے کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ نوٹسوں کے باوجود جن پلازہ مالکان نے جرمانے نہیں جمع کرائے ان پلازوں کو سربمہر کر دیا جائے گا اور اس حوالے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور کریک ڈاؤن اگلے ہفتہ شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض پلازہ مالکان نے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی رقم اقساط میں جمع کرانے کا معاہدہ کیا مگر انہوں نے اقساط جمع نہیں کرائی ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے کہا کہ ڈینگی سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن انسداد ڈینگی اقدامات تیز کر دے جس کے تحت تمام قبرستانوں میں جھاڑیوں کی صفائی کی جائے اور قبرستانوں میں پڑے برتنوں کی بھی خشک رکھنے کا جائزہ لیا جائے راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی دکانوں اور فلیٹس کی نیلامی کا تیسرا مرحلہ 15مارچ کو شروع ہو گااس موقع پر کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود کو فری لانس ہب، سرکاری دکانوں اور فلیٹس کے کرایوں کی وصولی اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔