راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی نے ایف بی آر کی جانب سے سیلز ٹیکس سمیت پوائنٹ آف سیل کے حوالے سے جاری ہونے والے نوٹسز پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نازک حالات میں ایف بی آر حکام جان بوجھ کر سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک بھر کے تاجروں کو حکومت مخالف احتجاج کے لئے اکسا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران پنجاب و راولپنڈی کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا، اجلاس میں مرکزی عہدیداران جنرل سیکرٹری راجہ توحید، تاج عباسی، شیخ اشفاق، طارق جدون، شیخ عبدالعابد، رانا خرم، سردار ثاقب، عمر مشتاق، اکرام گوشی، انجم نذیر، وحید پراچہ، چوہدری رؤف، ساجد بٹ، زبیر بٹ، سیف اللہ خان، ساجد قریشی، سہیل اختر،کامران سعید، راجہ آصف اور فیصل بٹ و دیگر موجود تھے، اس موقع پر ملک شاہد غفور پراچہ نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹسز پر ملک بھر کے تاجروں کو سخت تشویش ہے، ہم ان نوٹسز کی شدت سے مخالفت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ حالات میں کاروباری مندی کا شکار ہیں، اس لئے یہ نوٹسز واپس لیے جائیں۔
ملک بھر کے تاجروں کو حکومت مخالف احتجاج کیلئے اکسایا جا رہا ہے
Mar 06, 2021