لاہور( این این آئی)مسلم ٹائون کے قریب دھاتی ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے، سی سی پی او نے ایس ایچ او اچھرہ اظہر اسحاق کو معطل کر دیا جبکہ ڈی ایس پی اچھرہ کو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ دیال سنگھ کالج میں لیکچرار 35سالہ آفتاب احمد موٹر سائیکل پر اپنی ڈیوٹی پر جارہا تھاکہ مسلم ٹائون کے قریب کٹی پتنگ کی دھاتی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی جس سے وہ موٹر سائیکل سے نیچے گر گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او اچھرہ اظہر اسحاق کو معطل کر دیا ہے جبکہ ڈی ایس پی اچھرہ کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے ۔