لاہور +گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب جب مخالفین نے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کی کپتان ڈٹ کر پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ سامنے آیا اور میدان مارا۔ تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں خدمت کے مقصد کے ساتھ اپنا مشن جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب اور اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انشاء اللہ انتخابی عمل سے متعلق ریفارمز بھی کی جائیں گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب کے حوالے سے سیاسی بلونگڑے نے وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا بیان دیا ہے۔ بلاول اگر پنجاب میں آنا چاہتے ہیں تو شوق سے آئیں۔ پیپلز پارٹی اب صرف نوٹ کی سیاست کر سکتی ہے ووٹ کی سیاست نہیں کر سکتی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ایوان کی اکثریت نے چنا ہے۔ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اپوزیشن کی اس سازش کا بھی مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آج انشاء اللہ واضح اکثریت سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ انشاء اللہ آج جمہوریت کا ایک نیا سورج طلوع ہوگا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ جعلی راجکماری آزادکشمیر الیکشن پر بولنے سے پہلے سابق صدر، وزیر اعظم آزادکشمیر سردار سکندر حیات کا انٹرویو سنتی تو اچھا تھا۔ جعلی راجکماری سردار سکندر سے ہتھیائی گاڑی واپس کرے یا تردید کرے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان صرف ڈھکوسلہ ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے سینٹ الیکشن کے نتائج نے ووٹ کی چمک اور ضمیر فروخت کرنے پر مہر ثبت کرتے ہوئے عمران خان کے موقف اور نظریئے کو سو فیصد سچ ثابت کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے سینئر رہنما چودھری محمد صدیق مہر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پنجاب میں عدم اعتماد ڈھکوسلہ‘ سازش کامیاب نہیں ہو سکتی: فردوس عاشق
Mar 06, 2021