اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کا الیکشن کمشن کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ عدالت الیکشن کمشن کو 19 فروری کے الیکشن نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے الیکشن کمشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے۔ دستیاب ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا۔ الیکشن کمشن کے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا کوئی جواز نہیں۔ دوبارہ الیکشن کرانے کا مطلب حلقے کے عوام کو دوبارہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال میں دھکیلنا ہے۔ مخالفین پہلے ہی ضمنی الیکشن میں شکست سے دوچار ہوچکے ہیں۔