اسلام آباد (نامہ نگار +نوائے وقت رپورٹ) سینٹ کے الیکشن آئین اور قانون کے مطابق کروانے پر ہم خداوند تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ وہ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئے۔ الیکشن کے رزلٹ کے بعد میڈیا کی وساطت سے جو خیالات ہمارے مشاہدے میں آئے ان کو سن کر دکھ ہوا۔ خصوصی طور پر وفاقی کابینہ کے چند ارکان اور بالخصوص جناب وزیراعظم پاکستان نے جو کل اپنے خطاب میں فرمایا۔ اس ضمن میں وضاحت کی جاتی ہے کہ الیکشن کمشن ایک آئینی اور آزاد ادارہ ہے۔ اس کو ہی دیکھنا ہے کہ آئین اور قانون اس کو کیا اجازت دیتا ہے اور وہی اس کا ’’معیار‘‘ ہے۔ ہم کسی کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون کو نظر انداز کر سکتے ہیں اور نہ ہی ترمیم کر سکتے ہیں۔ اگر کسی کو الیکشن کمشن کے احکامات / فیصلوں پر اعتراض ہے تو وہ آئینی راستہ اختیار کریں اور ہمیں آزادانہ طور پر کام کرنے دیں۔ ہم کسی بھی دبائو میں نہ آئے ہیں اور نہ ہی انشاء اﷲ آئیں گے۔ الیکشن کمشن کو کسی بھی وفود نے ملنا چاہا الیکشن کمشن نے ان کا موقف سنا۔ ان کی تجاویزکا تفصیلی جائزہ لیا۔ الیکشن کمشن سب کی سنتا ہے مگر وہ صرف اور صرف آئین و قانون کی روشنی میں ہی اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے اور آزادانہ طور پر بغیر کسی دبائو کے فیصلے کرتا ہے تاکہ پاکستانی عوام میں جمہوریت کو فروغ ملے۔ یہ حیران کن بات ہے کہ ایک ہی روز ایک ہی چھت کے نیچے ایک ہی الیکٹرول میں ایک ہی عملہ کی موجودگی میں جو ہار گئے وہ نامنظور جو جیت گئے وہ منظور‘ کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟۔ جبکہ باقی تمام صوبوں کے رزلٹ قبول۔ جس رزلٹ پر تبصرہ اور ناراضگی کا اظہارکیا گیا ہے الیکشن کمشن اس کو مسترد کرتا ہے۔ یہی ہے جمہوریت اور آزادانہ الیکشن اور خفیہ بیلٹ کا حسن ہے جو پوری قوم نے دیکھا اور یہی آئین کی منشاء تھی۔ جن خیالات کا اظہار کیا گیا ہے وہ پارلیمنٹ سے منظور کروانے میں کیا امر مانع تھا۔ جبکہ الیکشن کمشن کا کام قانون سازی نہیں ہے بلکہ قانون کی پاسبانی ہے۔ اگر اسی طرح آئینی اداروں کی تضحیک کی جاتی رہی تو یہ ان کی کمزور کے مترادف ہے نہ کہ الیکشن کمشن کی۔ ہر سیاسی جماعت اور شخص میں شکست تسلیم کرنے کا جذبہ ہونا چاہئے۔ اگر کہیں اختلاف ہے تو شواہد کے ساتھ آ کر بات کریں۔ آپ کی تجاویز سن سکتے ہیں تو شکایات کیوں نہیں۔ لہذا ہمیں کام کرنے دیں۔ ملکی اداروں پر کیچڑ نہ اچھالیں۔ کچھ تو احساس کریں۔ الیکشن کمشن انشاء اﷲ خدا کے فضل و کرم سے اپنی آئینی ذمہ داریاں بخوبی قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے احسن طریقے سے انجام دیتا رہے گا۔