کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع سبی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 5 مزدور شہید جبکہ 2 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر سبی زاہد شاہ نے بتایا جمعہ کو سبی سے30کلو میٹر دور بابر کچھ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب بم سے مزدوروں کو لیکر جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا اور گاڑی میں سوار حیدر علی، عثمان یوسف ، محمد بشیر اور مظہر حسین سمیت 5 مزدور شہید ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدور ایف سی کی حفاظت میں پانی کی پائپ لائن بچھانے کیلئے جا رہے تھے۔ دھماکے کے بعد ایف سی نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے مزید کارروائی شروع کر دی۔