کراچی(اسپورٹس رپورٹر) سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے پی ایس ایل 6میں جوا کھیلنے والے 5انتہائی مطلوب بکیوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ سندھ پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو)کو اطلاع ملی کہ خالد بن ولید روڈ پر بکیز کے 3گروہوں موجود ہیں جس پر ایس آئی یو نے چھاپہ مار کر 5 بکیوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے بکیوں میں وقاص عرف وکی، فرحان، ناصر، محمد علی عرف پینڈو اور یاسین شامل ہیں، تمام ملزمان پی ایس ایل 6 کے میچز میں جوا کھیلنے میں ملوث ہیں جب کہ ان سے جوا کھیلنے میں استعمال ہونے والے کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، موبائل فونز، اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے ۔پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار کیا گیا بکی وقاص عرف وکی سوفٹ وئیر کے ذریعے گزشتہ 14سالوں سے جوا کروا رہا ہے، وقاص پولیس کو مطلوب بدنام زمانہ جواری عبدالقادر عرف بھوت کا بھتیجا ہے جب کہ دبئی پولیس نے بھی دبئی میں عبدالقادر کے جوا خانے پر چھاپہ مارا تھا جس دوران عبدالقادر کے ساتھی سلمان ماموں اور باسط کو گرفتار کیا گیا تھا ۔پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے بکی فرحان، ناصر اور محمد بھی سافٹ ویئر کا استعمال کرکے گزشتہ 9 سالوں سے جوا کروا رہے ہیں ، یاسین پولیس کو مطلوب مشہور زمانہ جواری آفتاب مٹھانی اور قادر مٹھانی کا رشتہ دار ہے۔
پی ایس ایل 6جوا کھیلنے والے5انتہائی مطلوب بکیز گرفتار
Mar 06, 2021