پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے مبینہ طو رپر جن لوگوں کو آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے وقت آنے پر ان کےلئے ”رات گئی بات گئی “ والافارمولہ اپنائے گی ،پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات میں نقب لگانے کی واردات کو جمہوریت کی فتح قراردے رہی ہے جو شرمناک بات ہے ،پیپلزپارٹی کی پیروی میں چلنے کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے سنجیدہ رہنما شدید تشویش میں مبتلاہیں۔اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں جمہوری اقدار کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا اورپوری قوم نے سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھاہے۔مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی جمہوریت کی چمپئن بنتی ہیں لیکن وزیر اعظم کے ایوان سے اعتماد کے ووٹ کے موقع پر راہ فرار اختیار کر کے غیر جمہوری طرز عمل اپنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے سینیٹ انتخابات میں مخالفت میں ووٹ دیا انہیں چاہیے تھاکہ سامنے آ کراظہارکرتے اوراس کے ساتھ یہ اعلان بھی کرتے کہ ہم پارٹی کی نشست چھوڑ کردوبارہ انتخاب لڑ کر میدان میں آئیں گے،ایسے لوگ یقینا بے نقاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر مسلم لیگ(ن) نے جن لوگوں کو ٹکٹ کی یقین دہانی کرائی ہے وقت آنے پر لیگی قیادت ان کا فون بھی نہیں سنے گی اور ان کےلئے ” رات گئی بات گئی “ والافارمولہ اپنایا جائے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے عزم کی وجہ سے ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالا ہے اسی لئے اپوزیشن آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کی راہ میں سپیڈ بریکر بنا رہی ہے لیکن انہیں سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
سینیٹ انتخابات میں نقب لگانے کی واردات کو جمہوریت کی فتح قراردینا شرمناک ہے.ہمایوں اخترخان
Mar 06, 2021 | 16:05