اسلام آ باد(نوائے وقت رپورٹ ) چینی کمپنی نے کہا ہے کہ صحرائے چولستان میں قائم 100 میگا واٹ کا سولرپلانٹ ایک سال میں تقریباً 150 گیگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے، یہ ملک میں تقریباً 100,000 گھروں کو روشن کرنے کے لیے کافی ہے،پی وی اسٹیشن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 2021 میں 2.4 بلین کلو واٹ تک پہنچ گئی، یہ 200,000 سے زیادہ مقامی گھرانوں کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے،اس پراجیکٹ نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں،مقامی لوگوں کے لیے تقریباً 5,000 ملازمتیں پیدا کی ہیں، اور 100 سے زیادہ آپریشن اور مینٹیننس انجینئرز کو پی وی پاور اسٹیشنوں میں کام کرنے کی تربیت دی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چینی کمپنی زونرجی کے آپریشن اینڈ مینٹینینس انجینئر اور ٹیم مینیجر عبدالرحمان عارف نے کہا ہے کہ زونرجی "بیلٹ اینڈ روڈ" انیشیٹو کے تحت شمسی توانائی کے ذخیرہ اور سپلائی کے کاروبار میں ایک فعال کردار ادا کرتی ہے۔ پنجاب میں 900 میگاواٹ کی صلاحیت کے ساتھ فوٹو وولٹک گراؤنڈ پاور سٹیشن کو چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے تحت ترجیحی منصوبوں میں سے ایک کے طور پر درج کیا گیا تھا۔ عبدالرحمان نے کہا سولر پارک کو دنیا کے سب سے بڑے پارک کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق، مشرقی وسطی پاکستان کے صحرائے چولستان میں واقع، اس کا 100 میگا واٹ کا پلانٹ ایک سال میں تقریباً 150 گیگا واٹ گھنٹے بجلی پیدا کرتا ہے، جو ملک میں تقریباً 100,000 گھروں کو روشن کرنے کے لیے کافی ہے۔ پاکستان کو سال بھر بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو گرمیوں میں تقریباً 6,500 میگاواٹ تک پہنچ جاتا ہے، جو کہ سب سے زیادہ طلب کی مدت ہے۔