راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) شہدائے پولیس کی فیملیز اوربچوںکی سرکاری اعزاز کے ساتھ کرکٹ سٹیڈیم آمدپر سٹی پولیس آفیسر عمر سعید ملک نے سٹیڈیم کے گیٹ پر شہداء پولیس کی فیملیز اوربچوں کا استقبال کیا، پھول اورتحائف پیش کیے،شہداء کی فیملیز کو ایس پی ہیڈکوارٹرز زنیرہ اظفر سٹیڈیم لے کر آئیں جہاں سی پی او عمر سعید ملک کے ساتھ ایس ایس پی آپریشنزوسیم ریاض ، ایس پی صدراحمد زنیر چیمہ، ایس پی کوہسارحید ر علی اور پولیس افسران نے بچوں کا استقبال کیا،کرکٹ سٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ نے بھی شہداء کی فیملیز کا والہانہ استقبال کیا، شائقین فیملیز کے اعزاز میں کھڑے ہو گئے تالیاں بجا کر استقبال کیا اور پنجاب پولیس و راولپنڈی پولیس اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، سی پی اوعمر سعید ملک نے کہاکہ شہداء پولیس اس محکمہ اس قوم کا اثاثہ اور فخر ہیں، شہداء ہماری شان ہمارے محسن ہیں ہم ہر موقعہ پر شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں،شہریوں کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہداء کی فیملیز مجھے اپنی فیملی کی طرح عزیز ہیں۔