لاہور (لیڈی رپورٹر) مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ خواتین نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ نمازیوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔ ہم شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دھماکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں تحریک انصاف کی خواتین ارکان قومی اسمبلی نوشین حامد، ڈا کٹر سیمی بخاری، روبینہ جمیل اور شنلہ روتھ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گردوں کے اس گھناؤنے فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان پنجاب اسمبلی کنول لیاقت، راحیلہ خادم حسین، ڈاکٹر عائشہ عبداللہ نے کہا کہ آج پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی واپس لوٹ رہی ہے۔ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کا واحد حل نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد ہے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق، ثمینہ سعید، صدر وسطی پنجاب ربیعہ طارق، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر زبیدہ جبیں نے کہاکہ مساجد اور مدرسوں کو قتل گاہیں بنانے والے انتہائی بزدل ہیں۔ جلداز جلد سانحہ کی تحقیقات کروائی جائیں۔