لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے علیحدگی اختیار کرنے والے میاں بیوی کے بچوں کا خرچہ کم کرنے سے متعلق والد کی اپیل خارج کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے فیصلے میں یہ لکھا کہ باپ مالی حیثیت کے مطابق کمسن بچوں کو خرچہ دینے کا پابند ہے۔کمسن بچوں کا خرچہ ہر سال کم ازکم 10 فیصد بڑھایا جائے۔ شوہر سابق بیوی کے سامان جہیز واپس کرنے اور حق مہر کی رقم ادا کرنے کا بھی پابند ہے۔ درخواست گزار نے سیشن کورٹ اور فیملی کورٹ کے بچوں کے خرچے کی رقم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔ جس میں درخواست گزار نے اپیل کی تھی کہ اس کی مالی حیثیت کمزور ہے، لیکن ٹرائل کورٹ نے خرچہ کافی بڑھا دیا ہے۔ جس کے باعث کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ عدالت نے لکھا کہ بار بار پوچھنے کے باوجود درخواست گزار نے ماہانہ آمدنی کا کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا اور اسی بنیاد پر درخواست گزار کی درخواست خارج کی جاتی ہے۔