اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے پیکا ترمیمی آرڈی نینس کی سیکشن 20 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر کو سماعت کریں گے درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی آرڈی نینس کی سیکشن 20 اظہار رائے کی آزادی اور معلومات تک رسائی کے حق کی خلاف ورزی ہے، مجرمانہ ہتک عزت کا استعمال سیاسی اختلاف رائے اور میڈیا کی آزادی کو مجروح کرنے کے لیے کیا جاتا ہے، سیکشن 20 کے اختیارات آمرانہ ہیں جن کی جمہوری معاشرے میں کوئی جگہ نہیں، پیکا ترمیمی آرڈی نینس پر عدالت پہلے ہی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر چکی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ یہ ترمیمی آرڈی نینس بادی النظر میں غیر آئینی ہے، حکم امتناع کی متفرق درخواست میں آرڈی نینس پر عمل درآمد روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے، سیکرٹری قانون، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیئرمین پی ٹی اے اور ڈی جی ایف آئی اے کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔