دشمن کی سازش ناکام بنائیں گے‘ علماء مشائخ‘ مذہبی رہنماؤں کا اعلان 

Mar 06, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک کے تمام مکاتب فکر و مذاہب کے قائدین نے سانحہ پشاور کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ جسے باہمی اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان، سلامتی کے اداروں اور پولیس کے شانہ بشانہ ہیں۔ پشاور مسجد میں خود کش حملہ کسی ایک مکتبہ فکر کی مسجد پر نہیں پوری پاکستان کی مساجد پر حملہ ہے۔ دشمن کی تقسیم کرے سازش ناکام ہو گی۔ یہ بات مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور مذہبی جماعتوں کے قائدین چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، پیر نقیب الرحمن، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن، علامہ عارف واحدی، مولانا افضل حیدری، علامہ عبد الحق مجاہد، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا مفتی محمد زبیر، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا حامد الحق حقانی ، چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ آزاد مارشل، سردار بشن سنگھ، علامہ عبد الوہاب روپڑی، مولانا سید یوسف شاہ، مولانا محمد خان لغاری، حافظ کاظم رضا، مولانا نعمان حاشر، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا پروفیسر ابو بکر صدیق، علامہ طاہر الحسن، مولانا عبید اللہ گورمانی، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا پیر اسعد حبیب شاہ جمالی، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا طاہر عقیل اعوان، علامہ پیر زبیر عابد اور دیگر نے کہی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ پشاور خودکش دھماکا پاکستان دشمن عناصر کی کارروائی ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ آئندہ جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم استحکام پاکستان منایا جائے گا۔ 7 مارچ کو اسلام آباد میں پیغام پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس ہو گی۔

مزیدخبریں