لاہور(خصوصی نامہ نگار)صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ دہشتگردی عدم برداشت اور تنگ نظری سے جنم لیتی ہے۔دہشتگردانہ فکر کو جڑ سے کاٹنے کیلئے نصاب تعلیم بالخصوص مدارس دینیہ کے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ اسلام دین امن ہے مگر افسوس ہمارا نصاب تعلیم امن کی اہمیت اور افادیت سے خالی ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسداد دہشت گردی و انتہا پسندی اور فروغ امن کے لئے 40سے زائد کتب تحریر کیں اور اْمت کو امن نصاب دیا جسے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو نظام المدارس پاکستان کے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، امن اور اخلاق کو ایک مضمون کے طور پر شامل نصاب کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغ امن کے لئے پوری دنیا میں اپنا تصنیفی، تالیفی، تعلیمی و تربیتی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی خوشحالی اور سلامتی امن سے وابستہ ہے۔ جہاں بدامنی ہو گی وہاں غربت اور بدحالی ہو گی۔ دہشت گرد پاکستان کو افراتفری کا شکار کر کے اس کا معاشی مستقبل برباد کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔