ملتان (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سرکاری واجبات کی وصولی کیلئے انوکھی حکمت عملی اختیار کرلی ہے اس سلسلے میں تحصیل سٹی کے سرکاری ریونیو واجبات کی وصولی کیلئے گزشتہ روزسرکاری ریونیو واجبات کے نادھندگان کے گھر کے باہر ڈھول بجا کر اعلانات کرائے گئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے نادھندگان کے علاقوں میں مساجد میں انکے ناموں کے اعلانات بھی کرائے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے سرکاری ریونیو واجبات کی وصولی کا ٹاسک دیا ہے۔عرصہ دراز سے واجبات دبانے والوں کے گھروں پر نوٹس لگائیں گے۔خواجہ عمیر محمود نے کہا کہ اعلانات اور ڈھول کا مقصد نادھندگان کو ریکوری کیلئے مجبور کرنا ہے۔اے سی سٹی نے کہا کہ اگلے مرحلے میں نادھندگان کی گرفتاریاں اور مقدمات درج کرائیں گے اور انکے نام و پتہ بھی میڈیا کو فراہم کرینگے۔دریں اتنا ضلعی انتظامیہ کے اس منفرد اقدام پر گزشتہ روز متعدد نادھندگان نے اپنے ذمے لاکھوں کی ریکوری سرکاری خزانے میں جمع کرادی۔
ریکوری