مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ان کی وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ اپنے مشیروں سے محتاط رہیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے وزیر اعظم کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے مجھے میڈیا ہاوسز اور حکومت کے درمیان پیکا آرڈنیس کے حوالے سے معاملات سلجھانے کا ٹاسک دیا ہے۔صدر مسلم لیگ (ق) پنجاب کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے، مجھے حیرانگی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے میڈیا ہاؤسز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر غلط بیانی کرکے حکومت اور میڈیا کے درمیان فاصلے پیدا کررہے ہیں، وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ اپنے مشیروں سے محتاط رہیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ممبران کو میڈیا میں جانے سے روکنے کی اطلاعات ہیں۔ تحریک انصاف کی طرف سے اپنے ممبران کو مخصوص چینلز میں نہ جانے دینے پر تشویش ہے۔ اس سے تحریک انصاف اپنا نکتہ نظر متوازن طریقے سے عوام کے سامنے نہیں رکھ پائے گی۔چوہدری پرویز الہی نے چند اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کے اشتہارات بند کرنے پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات پر پابندی بظاہرپیکا آرڈنیس کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔سرکاری اشتہارات عوام کے پیسے ہیں جن کو مخصوص اخبارات اور چینل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔