تخفیف اسلحہ کا عالمی دن منانے سے کشمیریوں کو کوئی امید نہیں : غلام نبی فائی 


واشنگٹن(این این آئی)ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ تخفیف اسلحہ کا عالمی دن منانے سے کشمیریوں کو کوئی امید نہیں ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے  واشنگٹن میں تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلا سے متعلق آگاہی کے عالمی دن کے سلسلے میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت عوام کے حق خود ارادیت کے مطالبات کو نظر انداز کرنے کیلئے آسان بہانے بناتا رہتا ہے لیکن کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو نظر انداز کر رہا ہے۔ کشمیریوں کی خودمختاری اور حق خود ارادیت کے سوال کو حل کرنے سے انکار کا دہائیوں پرانا مسئلہ نہ صرف کشمیریوں میں گہری بے چینی کا باعث بنا ہے بلکہ اس کی وجہ سے بھارت اور پاکستان کے درمیان دو جنگیں بھی ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ سب سے بڑا تحفہ ہو گا جو ہم آنے والی نسلوں کو دے سکتے ہیں۔اس اہم دن  (5 مارچ: تخفیف اسلحہ کا عالمی دن)پر آئیے ہم جوہری خطرے کو ناکارہ بنانے اور امن کے اپنے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے بارے میں ایک نیا اتفاق رائے قائم کرنے کا عہد کریں۔ڈاکٹر فائی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی امن میں دلچسپی رکھنے والے یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کشمیر واحد بین الاقوامی تنازعہ ہے جو دو حریف ممالک بھارت اور پاکستان کو ایٹمی تباہی کے دہانے پر لا سکتا ہے۔ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین نے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے حوالے سے کہا کہ کشمیر زمین پر سب سے خطرناک جگہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن