اسلام آباد (نامہ نگار) حکومت آئندہ 4 ماہ کے لیے آمدنی اور اخراجات کے تخمینوں کو حتمی طور پر طے کرنے کے لیے آج (پیر کو) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ورچوئل مذاکرات دوبارہ شروع کرے گی۔ دونوں فریق اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کے مسودہ یادداشت کا متن بھی بہتر بنائیں گے۔ جسے عام طور پر سٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) کہا جاتا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ معاہدے کے متن پر تفصیل سے بحث کی جائے گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر کی زیر سربراہی آئی ایم ایف کی ٹیم نے وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ چند روز تک مذاکرات کیے، جس کے بعد جمعہ کو ٹیکس حکام کے ساتھ آخری اجلاس ہوا جس میں مالیاتی فرق کو پورا کرنے پر ریونیو جنریشن کے حوالے سے پیشگی اقدامات اور ان کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔