لاہور‘ٹورنٹو( کلچرل رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ )فلم اٍورٹی وی کے معروف اداکار قوی خان انتقال کرگئے۔ اداکار قوی خان اپنے صاحبزادے عدنان قوی کے ساتھ کینیڈا میں مقیم تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔ اداکار قوی کینیڈا کے وان شہر کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔بیٹے عدنان قوی خان نے والد کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا ان کی نماز جنازہ اور دیگر تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔قوی خان نے اپنا کیرئیر ریڈیو پاکستان سے شروع کیا تھا، انہوں نے بے شمار ٹی وی، ریڈیو اور سٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے کم و بیش 200 فلموں میں کام کیا۔قوی خان کو 1980 میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، اس کے علاوہ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے لیجنڈ اداکار قوی خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا قوی خان کی وفات پاکستان کے فن کے شعبے کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوھدری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا اداکار قوی خان نے اپنی جاندار اور قابل دید اداکاری سے شوبز میں اپنا منفرد نام اور مقام بنایا۔ ان کی فنی خدمات قابل ستائش ہیں جو کبھی بھلائی نہیں جاسکتیں۔