لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں‘ ان کے مخالفین اسی مقبولیت سے خائف ہیں اور ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن ان سے کچھ نہیں ہونا اور عمران خان کی مقبولیت مزید بڑھتی رہے گی۔ رانا ثناء اﷲ کے بڑے جو لندن میں بیٹھے ہیں اس ٹبر میں کوئی جان نہیں رہ گئی‘ اب وہ سارا ٹبر بھی آ جائے اس سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بات سچ ہے کہ مریم نواز ان کی ٹیم کی بہترین کھلاڑی ہیں‘ وہ جو بات بھی کرتی ہیں اس سے عمران خان کی سپورٹ اور بڑھ جاتی ہے۔ مریم نواز اور رانا ثناء اﷲ کی مہربانی سے آج کے دن پی ٹی آئی کے تمام ورکروں میں گہما گہمی بڑھ گئی ہے۔ تمام ورکروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران خان پہلے بھی ہر عدالت میں پیش ہوئے ہیں اور اب بھی جا رہے ہیں‘ جہاں وہ نہیں جا سکے اب چلے جائیں گے۔ لاہور میں جو چور بیٹھے ہیں وہ سب بھی محسن نقوی سمیت گھونسلوں میں چھپے ہیں‘ آئیں اور عمران خان کو پکڑ کر دکھائیں۔