فیصل آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کوئی مشکل نہیں، جب ہم عمران خان کی گرفتاری کا حتمی فیصلہ کرلیں گے تو کارکن جو انہوں نے وہاں برگر بچے بٹھا رکھے ہیں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکیں گے۔ عمران خان پر قاتلانہ حملے کا کوئی خدشہ نہیں ہے، یہ صرف توشہ خانہ کیس میں فرد جرم سے بچنے کیلئے بہانے کررہا ہے۔ یہ عدالت سے بھاگا ہوا ہے۔ گزشتہ روز فیصل آباد میں جشن بہاراں تقریبات میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا ہوتا تو تین دن پہلے ہی کر لیتے۔ اسلام آباد پولیس عدالت کا حکم لے کر عمران خان کے گھر آئی تھی، وہاں پی ٹی آئی والوں نے جو رویہ رکھا وہ سب کے سامنے ہے۔ مسلم لیگ (ن) الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہے لیکن عمران خان کی ضد کی وجہ سے الیکشن نہیں ہونا چاہئے۔ الیکشن کروانا الیکشن کمشن کا کام ہے وہ ہی کروائے گا۔ 30 اپریل کو الیکشن ہو بھی گئے تو یکم مئی کو یہ کوئی نیا شوشہ چھوڑ دے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمشن کا کام ہے۔ الیکشن ملک کی بہتری کیلئے ہونا چاہئے۔ الیکشن عمران خان کی ضد کو پورا کرنے کیلئے نہیں ہونا چاہئے۔ ہم الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں۔