تہران (این این آئی )ایران کے مختلف صوبوں میں اسکول طالبات کو زہر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دسیوں طالبات کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے،ادھرطالبات کو زہرخورانی کے وقعات کے خلاف دارالحکومت تہران میں مظاہرے مسلسل جاری ہیں،شہریوں نے ممکنہ طور پر حکومت پر ان حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عاید کیا ہے اور ان کی مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ کئی روز سے مظاہرین تہران کے دو حصوں میں وزارت تعلیم سے وابستہ عمارتوں کے باہر جمع ہوکراحتجاج کررہے ہیں۔ایک ویڈیومیں مظاہرین کو نعرے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ہمارا دشمن یہیں موجود ہے۔وہ جھوٹ بولتے ہیں جب وہ کہتے ہیں کہ یہ امریکا ہے۔یہ نعرہ حالیہ برسوں میں ایران میں ہونے والے مظاہروں میں بہت مقبول ہوا ہے، جس میں امریکاکے بجائے ایرانی حکومت کو ایرانی عوام کا حقیقی دشمن قراردیا گیا ہے۔اس ویڈیو میں پولیس کی ایک گاڑی دیکھی جا سکتی ہے جبکہ تہران کی ایک اور ویڈیو میں سکیورٹی فورسز کے اہلکارایک شخص کو وین میں گھسیٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔دارالحکومت میں درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایران مظاہرے