اسلام آباد(نا مہ نگار) وفاقی حکومت کی طرف سے زرمبادلہ بچانے کیلئے حج کوٹہ پر پابندی کے فیصلے سے حکومت کے اس اقدام سے 40 کروڑ ڈالر بچ جائیں گے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے رشتے داروں یا دوستوں کو زرمبادلہ کی شکل میں ادائیگی کرکے کوٹا کے ذریعے حج پر بھیج سکیں گے، وزارت مذہبی امور کے ذرائع کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جہاں سے حج کے اخراجات سمیت اس فیصلے کی منظوری لی جائے گی۔اس سال حج اخراجات 12سے13 لاکھ روپے رہنے کی توقع ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں پانچ لاکھ روپے زیادہ ہونگے۔ وزارت مذہبی امور کے حکام کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کی قلت کی وجہ سے آدھے حاجی اوورسیزپاکستانیوں کی طرف سے بھیجی جانے والی رقوم جبکہ آدھے پاکستانی روپے کی شکل میں ادائیگی کرکے حج پر جاسکیں گے۔ سعودی عرب نے اس سال کیلیے پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار210 عازمین حج کا کوٹہ دیا ہے۔ لیکن حکومت پاکستان زرمبادلہ کی قلت کے سبب اپنے عازمین حج کو زرمبادلہ فراہم نہیں کرسکتی۔ لہذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ 89 ہزار 605 عازمین حج کو بیرون ملک پاکستانی سپانسرکریں گے۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد بھی عازمین حج کی ضروریات پوری کرنے کیلیے حکومت کو284 ملین ڈالرز کی فوری ضرورت ہے۔
فیصلہ
حج کوٹہ پابندی کے فیصلے سے حکومت کو 40 کروڑ ڈالر بچت ہو گی
Mar 06, 2023