پشاور (نمائندہ نوائے وقت) پشاور یونیورسٹی کیمپس میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہاسٹل سپروائزر جاں بحق ہو گیا۔ پشاور یونیورسٹی کیمپس پولیس کے مطابق سکیورٹی سپروائزر ثقلین بنگش پر ہاسٹل کے سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کی جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی گارڈ موقع سے فرار ہوگیا۔ ڈی ایس پی کیمپس فضل ربی خان کے مطابق پشاور یونیورسٹی میں معمول کے مطابق سپروائزر ثقلین بنگش سکیورٹی انتظامات چیک کر رہے تھے، انٹرنیشنل ہاسٹل میں ڈیوٹی پر مامور نجی سکیورٹی کمپنی کے سکیورٹی گارڈ مسعود سے گیٹ کھولنے کے دوران پستول گر کر فائر ہو گیا جس کے نتیجے میں سپروائزر زخمی ہو گیا۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال ترجمان کے مطابق ثقلین بنگش ہسپتال میں جاں بحق ہوئے۔ انہیں پسلی میں گولی لگی تھی۔ یونیورسٹی کیمپس میں 15 دنوں میں یہ دوسرا واقعہ رونما ہوا جس میں سکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں قتل کے واقعات ہوئے۔
ہاسٹل سپروائزر قتل