لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہل حدیث پاکستان کی قیادت نے کہا ہے کہ انتہا پسندانہ رویے جاری رہے تو عصبیت کی آگ بھارت کو کھا جائے گی۔ مذہبی رواداری بھارت میں ناپید ہوچکی ہے۔ بھارتی انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ امیر حافظ عبد الغفار روپڑی، پنجاب کے امیر حافظ عبد الوحید شاہد روپڑی اور سیکرٹری اطلاعات مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کہا کہ بھارت سیکولر ہونے کا دعویٰ توکرتا ہے مگر عملی طور پر ایک انتہا پسند ریاست بن چکی ہے۔خاص طور پر بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کیلئے خوفناک ملک بن چکا ہے۔ ہندو انتہا پسندوں نے گائے کو اتنا مقدس بنا دیا ہے کہ اس کے مقابلے میں مسلمانوں سے تعصب برتا اور پھیلایا جا رہا ہے۔ جامعہ القدس میں فیصل آباد سے مولانا عبد الرزاق عابد اور مولانا بلال مدنی کی قیادت میں آنیوالے علماءکے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ہم اتحا د امت کا درس بھول کر مذہبی منافرت،جغرافیائی تفریق اور فرقہ واریت کا شکار ہیں۔ مسلمانوں میں معاشرتی اونچ نیچ کا کوئی تصور موجود نہیں تھا مگر اب یہ موجود ہے جس کی وجہ سے دنیا کیلئے مسلمان تر نوالہ بن چکے ہیں۔