لاہور(خصوصی نامہ نگار)پنجاب حکومت کے زیراہتمام جشنِ بہاراں کے سلسلے میں 3 روزہ محافل سماع و صوفی رنگ کا افتتاح کرتے ہوئے سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ صوفیا نے خطے کی تہذیبی اور ثقافتی روایات کو رواداری اور انسانی دوستی سے روشناس کروایا اور برصغیر میں سب سے بڑے سماجی انقلاب کی بنیادرکھی۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے خانقاہی نظام کا احیا ضروری ہے۔ صوفیا بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کی ترویج کے علمبردار اور شرفِ آدمیت اور تکریم انسانیت کے امین تھے۔ انہوں نے مذہب و مسلک اور رنگ و نسل کی تقسیم سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی اور انہیں عظمت سے سرفراز کیا۔ سماع بر صغیر کی خانقاہی روایات میں ممتاز مقام کی حامل اور عام آدمی کیلئے سکونِ قلب اور روحانی طمانیت کا ذریعہ ہے۔ پنجاب گورنمنٹ نے جشنِ بہاراں کی مرکزی تقریبات میں محافل سماع اور صوفی رنگ کو شامل کر کے مستحسن قدم اٹھایا ہے۔ جشنِ بہاراں کی ان تقریبات کیلئے صوبائی خزانے سے کسی قسم کے بجٹ کا نہ لینا بھی ایک مستحسن فیصلہ ہے۔ اس موقع پر بختیار سنتو، شاہان مظفر وقار علی اور ندیم جمیل خان قوال حضرات نے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریبات 7 روز تک جاری رہیں گی۔
صوفیا نے برصغیر میں سب سے بڑے سماجی انقلاب کی بنیادرکھی:طاہر رضا بخاری
Mar 06, 2023