لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایف بی آر کا ٹیکس اہداف سے زیادہ ریو نیو اکٹھا کرنا خوش آئند ہے لیکن تجزیہ کیا جائے تو یہ اہداف کاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ ٹیکسز کی شرح زیادہ ہونے کی وجہ سے حاصل ہو رہے ہیں ، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری افسران اور حکومتی اشرافیہ کے لئے ہر طرح کی مراعات کو ختم کیا جائے۔ لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر زاہد پرویز، نائب صدر رانا کاشف ولایت ،جنرل سیکرٹری اعجاز علی بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری چودھری اصغر جالندھری اورفنانس سیکرٹری عامررحمان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایف بی آر 9415ارب کا ریونیو ٹیکسز کی شرح بڑھاکر پورا کر رہا ہے جو کسی طرح بھی قابل ستائش نہیں، جائزہ لیا جائے تو معاشی سر گرمیاں سست روی کا شکار ہیں ، نئی سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ، ٹیکسز کی تعداد اور زیادہ شرح سے ٹیکس آمدن کے اہداف پورے کرنا زیادہ دیر نہیں چلے گا بلکہ ٹیکس دینے والے اس فہرست سے باہر نکلنا شروع ہو جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ نئی حکومت سے اپیل ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام سے مزید قربانی نہ مانگی جائے۔
ایف بی آر کا ٹیکس اہداف سے زیادہ ریو نیو اکٹھا کرنا خوش آئند ہے :لاہور ٹیکس بار
Mar 06, 2024