راولپنڈی‘ پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے + بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خیبر پختونخوا کابینہ کے لیے ناموں کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات جاری رہی جس میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور مقدمات پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ کے پی نے عمران خان کو صوبے میں آئندہ کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی سے کابینہ کے بارے میں مشاورت مکمل کی جس کے بعد خیبر پختونخوا کابینہ کے لیے ناموں کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کی حتمی منظوری سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دیں گے، پہلے مرحلے میں 12 ارکان کو کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا جن میںسابق سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کا نام سینئر صوبائی وزیر کیلئے تجویز کیا گیا ہے۔ ہری پور سے ارشد ایوب، ضلع دیر سے ملک لیاقت علی، سوات سے ڈاکٹر امجد علی اور مالاکنڈ سے شکیل احمد کا نام شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نوشہرہ سے خلیق الرحمان، مردان سے طارق محمود آریانی، صوابی سے فیصل ترکئی، چارسدہ سے فضل شکور خان اور عارف احمد زئی جبکہ پشاور سے مینا خان آفریدی شامل ہوں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کا نام مشیر خزانہ کے لئے تجویز کیا گیا ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں رول آف لاء ہونا چاہیے، ہم نظریے کے مطابق کام جاری رکھیں گے، ہم ایسا نظام بنائیں گے آئندہ کوئی مینڈیٹ چوری نہ کرسکے، ہم نے صوبے میں امن و امان قائم کرنا ہے، روزگار دینا ہے، ہم بنیادی سہولیات، ایجوکیشن اور صحت میں بہتری لائیں گے، ہم ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے۔ چیف جسٹس سے گزارش ہے 9 مئی پر کمیشن بنائیں، ہماری خواتین اور کارکن جیلوں میں ہیں، ہمارا مطالبہ کے 9 مئی سے فائدہ حاصل کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے، ہم نے پاکستان کے لیے 2 حکومتیں چھوڑی ہیں اور بانی پی ٹی آئی ہمارے بچوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مرکز کی حکومت نے مینڈیٹ چوری کیا ہے، ہم پشاور میں پرامن احتجاج کریں گے، ہمیں ریزرو سیٹیں نہیں ملیں، میرے صوبے کے کچھ حقوق ہیں، ان حقوق کے لیے میں اسلام آباد آو¿ں گا، ہم ووٹ چوروں کے ساتھ مفاہمت نہیں کریں گے۔ اسٹیبلشمنٹ بھی ہماری ہے، ادارے بھی ہمارے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے مفاہمت ہوگی تو اس کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
عمران سے ملاقات‘ خیبر پی کے کابینہ کی منظوری‘ ووٹ چوروں سے مفاہمت نہیں کریں گے: امین گنڈاپور
Mar 06, 2024