سیاست ختم ‘قومی کرکٹ ٹیم میرٹ پر بنے گی : محسن نقوی

Mar 06, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے مقامی ہوٹل میں پی ایس ایل میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کی ملاقات ‘فردا فردا ہر کھلاڑی کی نشست پر گئے‘ مصافحہ کیا ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کسی نے غلط کیا ہے یا صحیح۔ تنقید نہیں کرنا چاہتا۔ ہم سب کا ایک ہی مشن ہے اور وہ ہے جیتنا۔ ہم جیت سکتے ہیں اور جیت اس وقت ممکن ہے جب سب اکٹھے ہوں۔اب ٹیم میں تمام کھلاڑی میرٹ پر آئیں گے۔ اب فلاں کا بندہ یا فلاں کی مرضی نہیں چلے گی۔اچھے کھلاڑیوں کو ٹیم میں آنے کیلئے انتظار نہیں کرنا پڑےگا۔ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ہمارے سٹارز ہیں۔ ہر میدان میں نشیب و فراز آتے ہیں۔پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کےساتھ کھڑے ہیں۔ ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہو گی۔ہال میں موجود تمام کھلاڑی پاکستانی ٹیم کےلئے کوالیفائی کرتے ہیں۔ ہمیشہ بڑے مقصد کیلئے قربانی دینا پڑتی ہے۔ کھلاڑی پہلے پاکستان کو ترجیح دیں۔ آمدن دوسری ترجیح ہونی چاہیے۔کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ سیاست کو ختم کرنا ہے اور 11 کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنا ہے۔ 11 کھلاڑی اکٹھے ہو کر میدان میں اتریں گے تو کامیابی ملے گی۔ میچ ہار بھی جائیں تو کوئی غم نہیں لیکن فائٹ کرکے ہاریں۔پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور لڑ کر ہارنے پر کوئی ندامت نہیں ہوتی۔ کھلاڑیوں کی فٹنس پر فوکس کیا جائیگا۔ نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان آرہی ہے، ہم نے انگلینڈ، آئر لینڈ اورامریکہ جانا ہے۔ٹریننگ کےلئے وقت نکالنا مشکل تھا تاہم 25سے 8 تک کاکول میں کیمپ لگے گا۔ میں آپ سب کیلئے ہر وقت حاضر ہوں۔ کھلاڑی جب چاہیں مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں، میرے دروازے آپ کےلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ کرکٹ اکیڈمی کو بہتر بنایا جائےگا۔سٹیڈیمز کو اپ گریڈ کریں گے۔ کرکٹ بورڈ کے پاس جتنے پیسے ہیں کھلاڑیوں پر لگائے جائیں گے۔ 

مزیدخبریں