توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے آصف زرداری،نواز شریف ،یوسف رضا گیلانی اور دیگر کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں تفتیشی افسر کو نوٹس جاری ،19مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانانے آصف زرداری، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔ نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا عرفان اور وکیل قاضی مصباح الحسن اورآصف علی زرداری کے وکیل ارشد تبر یز عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر عثمان مسعود عدالت میں پیش ہوئے۔جج ناصر جاوید رانا نے استفسار کیا کہ ملزمان کون ہیں؟ ان کی حاضری لگوائیں۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر ضمنی ریفرنس کیلئے رپورٹ پیش کرے گا، تفتیشی افسر کو نوٹس کردیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرکے 19 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔یاد رہے کہ احتساب عدالت میں قومی احتساب بیورو کے دائر کردہ ریفرنس کے مطابق یوسف رضا گیلانی پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ریفرنس میں کہا گیا تھاکہ آصف زرداری اور نواز شریف نے کاروں کی صرف 15 فیصد قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں۔ بیورو نے الزام عائد کیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے اس سلسلے میں نواز شریف اور آصف زرداری کو سہولت فراہم کی اور تحائف کو قبول کرنے اور ضائع کرنے کے طریقہ کار کو غیر قانونی طور پر نرم کیا۔ریفرنس میں اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید اور خواجہ عبدالغنی مجید کو بھی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری نے ستمبر اور اکتوبر 2008 میں متحدہ عرب امارات سے مسلح گاڑیاں (بی ایم ڈبلیو 750 لی ماڈل 2005، لیکسز جیپ ماڈل 2007 اور لیبیا سے بی ایم ڈبلیو 760 لی ماڈل 2008) حاصل کیں تھیں۔
نواز شریف،آصف زرداری ،یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس،تفتیشی افسر کونوٹس جاری
Mar 06, 2024 | 12:38