صادق سنجرانی کو ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت‘ ہائیکورٹ نے خارج کر دی 

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔ عدالت نے دائرہ اختیار پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ درخواست گزار کے وکیل ندیم سرور نے موقف اختیار کیا کہ صادق سنجرانی نے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا۔ صادق سنجرانی نے الیکشن جیتا، الیکشن کمیشن نے کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ صادق سنجرانی بیک وقت دو سیٹیں نہیں رکھ سکتے ہیں۔ صادق سنجرانی غیر قانونی طور پر چیئرمین سینٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ عدالت صادق سنجرانی کی بطور سینیٹر نشست خالی قرار دینے اور بطور چیئرمین سینٹ کام کرنے سے بھی روکنے کا بھی حکم دے۔

ای پیپر دی نیشن