اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور بیٹر کاٹن انیشیٹو پاکستان نے تحقیق، صنعتی روابط، تربیت کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ دلچسپی کے شعبوں میں طویل مدتی، پائیدار اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت طے پا گئی۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور کنٹری ڈائریکٹر بیٹر کاٹن انیشی ایٹو (بی سی آئی)حنا فوزیہ نے اسلام آباد میں ہونے والی تقریب کے دوران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ ایم او یو پر ایف پی سی سی آئی کی جانب سے قر ةالعین نائب صدر ایف پی سی سی آئی اور بی سی آئی کی جانب سے محمد شعیب، منیجر سپلائی چین نے دستخط کیے۔ایف پی سی سی آئی اوربی سی آئی کے مابین ہونے والے معاہدے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر کپاس کی بہتر پیداوار کو فروغ ،پائیداری کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے مشترکہ تعاون اور ہم آہنگی کی سرگرمیوں کو نافذ کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کپاس کی پیداوار سے دنیا بھر میں 250 ملین سے زائد لوگوں کو کافی آمدنی ہوگی۔ عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا ہم تقریبا 8 سے 9 ملین گانٹھیں پیدا کر رہے ہیں جس میں اضافہ ہونا چاہیے اگر ہم اس دنیا میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں معیاری کاٹن ٹیکسٹائل کی مصنوعات تیار کرنی ہوں گی تاکہ اسے قابل برآمد بنایا جا سکے۔