لاہور (نیٹ نیوز) نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے کہا ہے اس میں کوئی شک نہیں وکلا آزاد عدلیہ، آئین اور قانون کی حکمرانی میں مو¿ثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا 5 فیصد وکلا یا ان کے بھیس میں جو بار میں لوگ ہیں ان کی وجہ سے سب بدنام ہیں، ملک کے حالات آپ سب کے سامنے ہیں، موجودہ حالات میں عدلیہ اور وکلا ہی سب کی امید ہیں۔ انہوں نے کہا ججز بغیر کسی لالچ اور خوف کے فیصلے جاری کریں، پنجاب میں 14 لاکھ کیسز ہیں ان کو نمٹانے میں سب کردار ادا کریں، ماتحت عدلیہ کے ججز چیمبر کے بجائے کورٹ روم میں بیٹھنے کو ترجیح دیں، اللہ پاک نے جس مقام پر پہنچایا اللہ کا شکر گزار ہوں۔ نامزد چیف جسٹس نے مزید کہا میں سمجھتا ہوں ادارے کی بہتری کے لئے ماتحت عدلیہ کا کردار بہت اہم ہے، ماتحت عدلیہ کے ججز جتنا کام کرتے ہیں دوسرے اداروں کے لوگ نہیں کرتے، مجھے دو، تین ممالک کے عدالتی نظام کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ ہانگ کانگ کی سپریم کورٹ میں کل 70 کیس تھے، ہمارے ججز کے پاس ان کی کپیسٹی سے 5 گنا زیادہ کیس ہوتے ہیں، ماتحت عدلیہ کے ججز میں سے چند ایسے لوگ ہیں جن کی اصلاح کی انتہائی ضرورت ہے، ماتحت عدلیہ میں 700 ججز کی کمی ہے اس کے باوجود ججز کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔