مالی (نوائے وقت رپورٹ) صدر محمد معیزو نے کہا ہے کہ بھارت کے کسی فوجی کو مالدیپ میں 10 مئی کے بعد نہ تو وردی اور نہ ہی سادہ لباس میں رہنے کی اجازت ہو گی۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے کہا ہے کہ یہ بات مکمل اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں کہ 10 مئی کسی بھارتی فوجی کے مالدیپ میں رہنے کا آخری دن ہو گا۔ مالدیپ کے صدر نے مزید کہا کہ بھارتی فوجی کو وردی میں یا سادہ لباس میں شہری حیثیت سے بھی مالدیپ میں رہنے نہیں دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس وقت مالدیپ کی 3 ایوی ایشن پلیٹ فارمز میں کئی برسوں سے دو ہیلی کاپٹروں اور ایک ڈورنیئر طیارے کے ذریعے طبی اور ہنگامی امداد کی خدمات فراہم کرنے کے نام پر 88 بھارتی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ خیال رہے کہ مالدیپ کے صدر کا 10 مئی تک بھارتی فوج کے انخلا کا بیان چین کے ساتھ فوجی معاہدہ طے پا جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
10 مئی کے بعد بھارتی فوجی سادہ لباس میں بھی مالدیپ میں نہیں رہ سکتے، صدر
Mar 06, 2024