بلوچستان، بارش کے نئے سپیل کا الرٹ: خیبر پی کے، مزید 5 جاں بحق، ہلاکتیں 40 ہو گئیں

Mar 06, 2024

پشاور‘ کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) خیبر پی کے میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات کے نتیجہ میں مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 40 ہوگئی جبکہ 62 افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ 99 مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ مجموعی طور پر 80 گھر مکمل طور تباہ جبکہ 555 کو جزوی نقصان پہنچا۔ ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 555 گھروں کو جزوی جبکہ 80 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ اضلاع چارسدہ، دیر لوئر، دیر اپر، ملاکنڈ، مہمند، بنوں، خیبر، باجوڑ، نوشہرہ اور پشاور کے متاثرین میں خوراک اور امدادی سامان اور چیک تقسیم کر دیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں رضائیاں، ٹنٹس، خیمے، جری کینز، گیس سیلنڈر، واٹر کولر، توشک، کمبل، کچن سیٹ، حفظان صحت کی کٹ، ڈیگنٹری کٹس، پلاسٹک میٹس، سنڈ بیگز، ترپال سمیت دیگر سامان شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں 27 بچے‘ 8 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔ ادھر بلوچستان میں بارشوں کے نئے سپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے گوادر سمیت بلوچستان کے 16 اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے حکام نے الرٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گوادر میں تباہ کن بارشوں کے بعد متعدد علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے، جس سے متاثرہ محلوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی جہانزیب خان نے شہر کے 85 فیصد سے زیادہ حصے سے پانی نکالنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں مقامی انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے دی گئی پمپنگ مشینوں سے بھی بہت مدد ملی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ویدر سٹیشن نے پیشگوئی کی تھی کہ کراچی اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش برسانے والے دو نئے سسٹم 5 سے 10 مارچ تک ملک میں داخل ہوں گے۔ پیشگوئی کے مطابق 6 مارچ تک بارش کا پہلا نظام پاکستان میں داخل ہوگا جو بلوچستان کے مختلف علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ اسی طرح 9 سے 10 مارچ تک بارشوں کا ایک اور نظام جنوبی حصوں میں بارش برسائے گا۔ اس نظام کے تحت گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، مکران کے علاقوں میں تیز بارش ہوگی جبکہ کراچی اور ملحقہ علاقوں میں 9 سے 12 مارچ کے درمیان بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں