واشنگٹن، سرینگر ، اسلام آباد (کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان نے 7مارچ کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے ساتھ ایک ظالمانہ مذاق قرار دیا ہے۔بھارتی وزےر اعظم مودی کے دورہ سری نگر کے موقع پر جمعرات کو مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی ، مودی کے دورے کے خلاف ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حرےت کانفرنس نے کی ہے۔ ادھرجموں و کشمیر کے عوام نے خاص طورر دفعہ370کی منسوخی کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے 7مارچ بروز جمعرات کوسرینگر کے دورے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالصمد انقلابی کو جیل میں طبیعت خراب ہونے پر سرینگر کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیاہے۔عبدالصمد انقلابی کو جیل میں نظربندی کے دوران سینے میں شدید درد کی شکایت ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طورپر سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس(سی پی جے) نے مقوضہ کشمیر کے نوجوان صحافی آصف سلطان کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری پر گہری تشویس کا اظہار کیا ہے۔ سی پی جے کے جاری بیان میں بھارتی حکومت پر زور دیا گےا ہے کہ آصف سلطان کو رہا کیا جائے اور اس کو صحافت کرنے پر ہراساں نہ کیا جائے۔سی پی جے کے پروگرام ڈائریکٹر کارلوس ماٹنز ڈی لہ سرنا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ" آصف سلطان کو پانچ برس کی طویل قید سے رہائی کے چند گھنٹوں بعد دوبارہ گرفتار کرنا یہ دہرایا رہا ہے کہ ان کو صحافت کرنے پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی حکومت پر زور دے کر کہہ رہے کہ " وہ کشمیر میں میڈیا پر کریک ڈاون کو جلد ختم کرے۔
مودی کا دورہ کشمیری عوام کیساتھ ظالمانہ مذاق: حریت کانفرنس
Mar 06, 2024