سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزا سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا۔ اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے معاملے میں اس حقیقت تک پہنچتے پہنچتے کہ انہیں فیئر ٹرائل نہیں ملا سپریم کورٹ کو 50 سال لگ گئے، اپنے محبوب اور معتبر ترین قائد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فیئر ٹرائل کے بنیادی دستوری حق کی دستیابی کیلئے کیا اب قوم کو مزید 50 سال انتظار کرنا ہوگا؟ ذوالفقار علی بھٹو کے معاملے میں عدالتی رائے صرف اسی صورت میں معنی خیز ہو سکتی ہے کہ عدالتِ عظمیٰ آج لاقانونیت کی راہ روکنے کیلئے پوری قوت سے بروئے کار آئے۔ اپنے بیان ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ سمیت تحریک انصاف کے اسیر قائدین اور ہزاروں بے گناہ کارکنان کو قیدِ ناحق سے فوراً رہا کیا جائے اور فیئرٹرائلز کے ذریعے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کے فیصلے کیے جائیں کیوں کہ فراہمی انصاف کا آفاقی اصول ہے کہ "انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل ہے"۔