سوشل میڈیا ایپ بندش کیس،چیئرمین پی ٹی اے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

 سندھ ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ایپ بندش کیس میں چیئرمین پی ٹی اے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ٹوئیٹر(ایکس)کی بندش سے متعلق کوئی معقول جواز عدالت کے سامنے پیش نہ کیا گیاتو چیئرمین پی ٹی اے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائیگی۔سندھ ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش کے کیس کی سماعت ہوئی، سندھ ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پرتحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے آبزرویشن دی ہے کہ پی ٹی اے نے ایکس کی بندش سے متعلق کوئی معقول جواز عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے توہین عدالت کی کارروائی کیلئے خود کو بے نقاب کررہے ہیں۔سندھ ہائیکورٹ نےایکس کی بحالی سے متعلق جاری حکم امتناع میں توسیع کردی اور عدالتی احکامات وفاقی حکومت ،پی ٹی اے سمیت دیگر کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور پی ٹی اے کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی گئی ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل وزارت داخلہ اور پی ٹی اے سے جواب طلب کرلیا ہے سماعت میں درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ عبدالمعیز جعفری نے موقف اپنایا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ایکس کی سروس بحال نہیں کی گئی ہے۔یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں بھی ٹوئیٹر(ایکس)کو بحال کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی جس پر سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کو پاکستان بھر میں ایکس (ٹوئٹر) بحال کرنے کا حکم دیاتھا۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) کو بغیر کسی رکاوٹ اور بندش کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔وکیل درخواست گزار نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے بیان دیاتھا کہ ایکس بند کرنے کی ہدایت جاری نہیں کی گئی جبکہ سابقہ نگران وزیر آئی ٹی نے بیان دیا تھاکہ انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کو چار چاند لگا دیئے ہیں، وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر آئی ٹی وی پی این لگا کر ایکس استعمال کرکے قوم کو بتا رہے ہیں کہ ایکس بند نہیں ہے۔ اس حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی نے استفسار کیا کہ کون سائٹس بند کرتا ہے کس نے بند رکھنے کا حکم دیا ہے؟۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا ہے کہ ایکس بند رکھنا یا سروس معطل رکھنا اس کا اختیار صرف پی ٹی اے کے پاس ہے، پی ٹی اے سے پوچھا جائے کہ کس نے ایکس بند رکھنے کی ہدایت جاری کی؟۔جسٹس عقیل احمد عباسی کا کہنا تھا کہ کتنے دن سے ایکس سروس بند ہے؟ ہم نے پہلے بھی ایک درخواست میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن