مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ مکمل

مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ مکمل ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں حکمران جماعت مسلم لیگ کی نشستوں کی تعداد 224 ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ مکمل ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں 336 نشستوں کی نئی پارٹی پوزیشن جاری کر دی گئی ہے۔مسلم لیگ ن کی پنجاب اسمبلی میں نشستوں کی مجموعی تعداد 224 ہو گئی ہے۔ ن لیگ نے اسمبلی کی 139 جنرل نشستیں جیتیں، 21 آزاد اراکین شامل ہوئے۔ خواتین کی 57 اور اقلیتوں کی 7 نشستیں ملیں۔

سنی اتحاد کونسل کے پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں پر کامیاب ارکان کی تعداد 106 ہے .تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے سنی کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے انکار کے باعث ان کی نشستوں میں اضافہ نہیں ہوا۔پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 16 ہو گئی۔ پی پی نے 10 جنرل نشستیں جیتیں، ایک آزاد رکن شامل ہوا جس کی بنیاد پر اس کو خواتین کی 4 جب کہ اقلیت کی ایک نشست ملی۔پنجاب اسمبلی میں ق لیگ کے ارکان کی تعداد 11 ہو گئی۔ اس جماعت نے 8 جنرل نشستیں جیتیں جس کی بنیاد پر اس کو خواتین کی تین مخصوص نشستیں ملیں جب کہ استحکام پاکستان پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ آئی پی پی نے ایک جنرل نشست جیتی، تین آزاد اراکین شامل ہوٗے. جس کی بنیاد پر خواتین کی دو مخصوص نشستیں ملیں۔پنجاب اسمبلی میں تحریک لبیک پاکستان، مسلم لیگ ضیا اور مجلس وحدت مسلمین کی ایک، ایک نشست ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے میں الیکشن نہیں ہوا جب کہ 4 حلقوں کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن نے روک رکھے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن