پاکستان اور آذربائیجان کا آڈٹ اداروں، آئی ٹی آڈٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Mar 06, 2024 | 23:14

ویب ڈیسک

پاکستان اور آذربائیجان نے دونوں ممالک کے آڈٹ اداروں میں تعاون بڑھانے، آڈٹ کے تجربات شیئر کرنے، آئی ٹی آڈٹ اور ماحولیات کے آڈٹ (متوازی/مشترکہ آڈٹ) اور انسانی وسائل کی تربیت میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس (سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشن آذربائیجان) کے چار رکنی وفد کے آڈیٹر جنرل آف پاکستان (سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشن پاکستان) کے دفتر کے دورے کے دوران اس امر کا اظہار کیا گیا۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق  وفد کی سربراہی جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس کے چیئرمین ووگر گل محمدوف کر رہے تھے۔وفد کو SAI پاکستان کے کام، کارکردگی آڈیٹنگ، اور SAI پاکستان کے CIPFA (چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اینڈ اکاؤنٹنسی) کے ساتھ کام کرنے اور آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (AMIS) کے نفاذ کے بارے میں پریزنٹیشن دی گئی۔

SAI آذربائیجان نے اس موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس کی سرگرمیوں اور SAI آذربائیجان میں پرفارمنس آڈیٹنگ کے پیشہ ورانہ ہونے کے بارے میں آگاہ کیا۔جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس نے قبل ازیں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے محکمے کے پیشہ ورانہ موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 2023 کے لیے اپنے اکاؤنٹس کا ہم مرتبہ جائزہ لینے کی درخواست کی تھی۔اے جی پی محمد اجمل گوندل نے جمہوریہ آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس کے چیئرمین کو SAI آذربائیجان کے مالیاتی بیانات کے بیرونی آڈٹ کی ہم مرتبہ جائزہ رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے دفتر کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔

قبل ازیں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس کے چیئرمین نے بھی اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ملاقات کی۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) محمد اجمل گوندل اور اے جی پی کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس کے چیئرمین نے صدر کو آذربائیجان کے سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشن اور SAI پاکستان کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشت کے بارے میں آگاہ کیا۔صدر نے شفافیت اور مالیاتی احتساب کو بڑھانے کے لیے بہترین آڈٹ طریقوں کے اشتراک کے لیے پاکستان اور آذربائیجان کے سپریم آڈٹ اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئےتعاون پر زور دیا۔ انہوں نے پیر ریویو کے حوالے سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔آذربائیجان کے چیمبر آف اکاؤنٹس کے چیئرمین نے گرمجوشی سے مہمان نوازی، SAI پاکستان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور SAI پاکستان کے بھرپور تجربے کو دریافت کرنے، سیکھنے اور اس سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

مزیدخبریں