لاہور (شعیب الدین سے) مسلم لیگ کا ادنیٰ کارکن ہوں۔ ایک پارٹی سربراہ کے مقابلے میں ٹکٹ دیا گیا ہے۔ 11مئی کو انہیں دوبارہ شکست دے کر ثابت کروں گا کہ لاہور میاں نواز شریف اور مسلم لیگ کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار این اے 122 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایاز صادق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہے ہیں اور 2002ءمیں عمران خان کو 20ہزار ووٹوں کی بھاری اکثریت سے ہرا بھی چکے ہیں۔ ایاز صادق 2002ءاور 2008ءکے انتخابات جیتنے کے بعد اب فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگی ہیں۔ اکتوبر 2002ءکے انتخابات میں جب انہوں نے عمران خان کو اسی حلقہ سے 20ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تو عمران خان پرویز مشرف کے قریبی ساتھی تھے۔ 30اپریل 2002ءمیں ہونے والے جنرل (ر) مشرف ریفرنڈم میں عمران خان جنرل مشرف کے ساتھ تھے۔ 2002ءکے عام انتخابات میں عمران خان کا نام ”اہم عہدے“ کے لئے لیا جا رہا تھا مگر مسلم لیگ کے اس کارکن نے انہیں 20ہزار ووٹوں سے ہرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے میں عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے اس ورکر سے بھی ہوا اور اب بھی ہے۔ تب مشرف کے دور میں رزلٹ بھی تبدیل ہو جاتے تھے۔ مگر مسلم لیگ ووٹرز نے اتنی بھاری لیڈ سے عمران خان کو ہرایا تھا کہ رزلٹ بدلنے کی کسی کو ہمت نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جتنی بڑی شخصیت ہو اتنا ہی زور سے گرا کرتی ہے۔ میرے جیسا معمولی کارکن اب دوسری مرتبہ عمران خان کو شکست دے گا اور مسلم لیگ (ن) کا جھنڈا بلند کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10برسوں میں انہوں نے حلقے میں بے شمار کام کروائے مگر اس وقت گلی، محلے کی سڑکیں، نالیاں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اس وقت ملک خطرے میں ہے۔ ملکی سالمیت داﺅ پر لگی ہے۔ اس وقت مسئلہ ملک کو بچانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سب کو پتہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہی 5سال عوام کی خدمت کی ہے۔ ڈینگی ہو یا سیلاب جیسی ناگہانی قدرتی آفت صرف پنجاب ہی ہر محاذ پر سربلند رہا۔ 5برس پنجاب میں کرپشن سے پاک حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2002ءمیں جنرل مشرف کے ساتھی عمران خان کو عوام نے مسترد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جماعت آج مشرف لیگ کا قبرستان بن چکی ہے۔ آج سب وہی لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں جو مشرف کے ساتھی تھے۔ جو جامعہ حفصہ پر مشرف کے حملے کے بعد کہتے تھے کہ مشرف کو پھر صدر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ گیارہ مئی کو مسلم لیگ (ن) کا یہ کارکن عمران خان کو دوبارہ شکست دے گا۔
ایاز صادق
عمران خان کو دوسری بار شکست دے کر مسلم لیگ (ن) کا جھنڈا بلند کرونگا: ایاز صادق
May 06, 2013