روٹی ختم پیسہ ہضم، شہباز شریف کے تنورگھپلے سے آڈٹ والے پریشان ہیں: پرویز الٰہی

لاہور ( خبر نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویزالٰہی نے تنور سکیم کی آڈٹ رپورٹ میں 30 ارب روپے کے کرپشن سکینڈل کی تصدیق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے روٹی ختم پیسے ہضم، شہباز شریف نے ایسا کام ڈالا ہے آڈٹ والے بھی پریشان ہیں، ہم نے ہمیشہ عام آدمی کا سوچا اور کام کر کے بھی دکھایا، عوامی خدمت کے ہمارے تاریخی کام بول بول کر کہہ رہے ہیں کارکردگی کو ووٹ دیں۔ وہ گجرات کے علاقہ جمال پور میں بہت بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سادات برادری کی اہم شخصیات ضمیر حسین شاہ اور امجد حسین شاہ نے ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پرویزالٰہی نے ان کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا اب تمام سادات نے ہمارے ساتھ چلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر ملک یٰسین اعوان آف کشمیر پورہ، ضمیر حسین شاہ اور عظمت حسین شاہ نے خطاب کیا جبکہ سٹیج پر صغیر حسین شاہ، خرم شاہ، منیر شاہ، مواحد حسین، جاوید الٰہی، عمران مسعود، خالد رحمان، امجد حسین، فضیلت حسین شاہ، توحید شاہ، خادم شاہ اور سہیل شاہ موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا ہم نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں انتقام کی سیاست نہیں کی اور نہ ہی یہ ہماری سیاست کا محور ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو مقدم جانا ہے، ضمیر حسین شاہ اور امجد حسین شاہ کی شمولیت سے اس علاقہ میں ق لیگ مزید مضبوط پوزیشن میں آ گئی ہے، لوگوں کے جوش و جذبہ اور ان کی آنکھوں میں محبت اور سچائی سے نظر آتا ہے گجرات ق لیگ کا قلعہ ہے، الیکشن مہم کے دوران ایسے ایسے لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہوتے جا رہے ہیں جو کبھی ہمارے مخالف تھے۔ انہوں نے کہا آج کے اس جم غفیر پر میں شبیر حسین شاہ آف مدینہ کی مقدم برادری اور دیگر برادریوں کا بھی مشکور ہوں۔ پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلی اپنے ایڈوائزر مواحد حسین شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہم آئندہ نسلوں کے فائدہ کے کاموں کے بارے میں سوچتے تھے یہی وجہ ہے پنجاب کی تاریخ میں ہم نے عوامی فلاح کے ایسے کام کیے جو پاکستان میں پہلے نہیں تھے۔ انہوں نے وعدہ کیا انشاءاللہ گجرات میں یونیورسٹی کے بعد اب انجینئرنگ یونیورسٹی بھی بنائیں گے جہاں پر تعلیم مفت ہو گی، پنجاب میں صفر کارکردگی والے ہمارے 1122 اور دیگر تاریخی کاموں جیسا کوئی کام بتا دیں، شہباز شریف نے پانچ سال گجرات یا پورے پنجاب کیلئے ایک منصوبہ بھی نہیں دیا، بطور وزیراعلی میں نے سینکڑوں سکول، کالج بنائے اور ان کو اپ گریڈ کیا، شہباز شریف نے جو سکول کالج بند کیے ہم انشاءاللہ اقتدار میں آ کر یہ منصوبے دوبارہ شروع کریں گے۔ انہوں نے بچوں کو تعلیم سے دور کیا ہم ان کو مفت تعلیم دینے کیلئے دوبارہ سکولوں اور کالجوں میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف اور شہباز شریف کی کارکردگی صفر ہے، تین تین بار حکمرانی کے باوجود انہوں نے پاکستانی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا البتہ ان کے دور میں مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، احتجاجی مظاہرے ہر روز کا معمول بن چکے تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...