اسلام آباد (آئی این پی) تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ عوام 11 مئی کو محفوظ پاکستان کےلئے میزائل کا انتخاب کریں کل کے جلسہ میںقوم کو سرپرائز دونگا‘ ملک کو ترقی یافتہ اور خوش حال بنانے کا خواب وہی لوگ پورا کرسکتے ہیں جن کے اندر خدا کا خوف اور دلوں میں عوام کا درد ہو‘ اب وقت آگیا ہے کہ قوم انتخابی معرکے کے ذریعے دہشت گردوں اور بدعنوانوں کو مسترد کر کے ملک کی قیادت دیانتدار لوگوں کے سپرد کرے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ 11 مئی کا سورج پاکستان کو مضبوط اور پائیدار بنانے والوں کی فتح اور قبضہ گروپوں‘ منشیات فروشوں کی ذلت آمیز شکست کا پیغام لے کر طلوع ہو گا۔ جس طرح مشرف قید ہو چکا ہے بہت جلد زرداری اور دوسرے لٹیرے بھی کٹہرے میں آنے والے ہیں‘ آئین توڑنے والوں کو عوام آئندہ انتخابات میں مسترد کر دیں گے۔ ڈاکٹر قدیر نے کہا کہ اگر عوام نے ان انتخابات کو سنجیدگی سے لینے کی بجائے غیر ذمہ دار رویہ اپنایا تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ قوم چوروں اور لٹیروں کو نشان عبرت بنانے کے لئے تحریک تحفظ پاکستان کے پرچم تلے متحد ہو جائیں اور میزائل کو اپنا وقار سمجھتے ہوئے 11 مئی کو اسے کامیاب کرائیں۔