11 مئی کو شیر پر ہر طرف سے تیر برسیں گے: یوسف رضا گیلانی

May 06, 2013

ملتان + اسلام آباد (اے پی اے + اے پی پی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ11مئی کو شیر پر ہر طرف سے تیر برسےں گے، شیر کو بچانے والا کہیں بھی نظر نہیں آئیگا، پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آ کر بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائےگی۔ شجاع آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے اپنے دور حکومت میں خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دیئے۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو یا نہ ہو، عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خاندانوں کی مالی معاونت کی گئی۔ پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آ کر امدادی رقم دوگنا کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ہمارے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثنا یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ اتوار کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں، پارٹی کی قیادت ہمیشہ عوام کےلئے جینا اور مرنا چاہتی ہے۔ گیلانی نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی جدوجہد کی اور انہوں نے مزدوروں، کسانوں اور ورکرز کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کےلئے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔

مزیدخبریں