لاہور (ایجنسیاں) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بجلی بحران کے باعث گورنرہائوس کی تمام فالتو بتیاں بند رکھنے کے احکامات جاری کردئیے جبکہ ائرکنڈیشنر بھی مخصوص اوقات میں چلائے جائینگے۔ گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں ممکن فائونڈیشن کے زیر اہتمام ’’کتاب سے دوری کیوں ؟‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی تاہم اس دوران ہال کی فالتو بتیاں اور ائیر کنڈیشنر بند رہے۔ جب اس سلسلہ میں گورنرپنجاب سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بجلی بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کے شارٹ فال سے نجات حاصل ہو۔ بجلی کی کفایت شعاری پر عملدرآمد گورنر ہائوس سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا گورنر ہائوس کی فالتو بتیاں اور مخصوص اوقات میں ایئر کنڈیشنر چلنے سے نہ صرف بجلی کے استعمال میں بچت بلکہ گرمیوں میں 28 لاکھ روپے تک بجلی کے بلوں کی مد میں بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو احتجاجی مظاہروں سے کوئی خطرہ نہیں۔ احتجاج سب کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے حق میں ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہو گی فوج تو ہم سب کی ہے اس سے اظہار محبت پر کیا اعتراض ہو سکتا ہے۔ مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد نے گورنر ہائوس میں توانائی بچت مہم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے لیکن یہ حکم صرف حکم نہیں رہنا چاہیے بلکہ درست معنوں میں اس پر عمل بھی ہونا چاہیے۔