قرضے معاف کرانیوالے سیاستدانوں کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست، اٹارنی جنرل کو نوٹس

May 06, 2014

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے بینکوں سے قرضے لے کر معاف کرانے والے سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر اٹارنی جنرل آف پاکستان کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار رانا علم الدین غازی نے موقف اختیار کیا کہ 1972ء سے لیکر 1994ء تک سیاستدانوں نے بینکوں سے اربوں روپے کے قرضے لیکر معاف کرائے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مختلف بینکوں سے اربوں روپے کے قرضے لیکر معاف کرانیوالے سیاسیدانوں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے اور ایسے تمام سیاستدانوں سے قرضے واپس لینے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 مئی تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں