قلات + نصیرآباد + خیبر ایجنسی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) قلات میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے قبائلی رہنما اور ڈسٹرکٹ کونسل قلات کے ممبر سردار غلام مرتضیٰ شاہوانی جاں بحق ہوگیا۔ چھتر کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی سمیت 4 افراد کو اغوا کرلیا۔ جمرود میں لیویز فورس سنٹر سے 2 قیدی فرار ہوگئے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں سڑک کنارے نصب 7 کلو وزنی بم برآمد کرلیا گیا اور اسے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم ناکارہ بنا دیا جبکہ ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم سمت سے فائر کئے گئے 2 راکٹ پاکستان چوک کے قریب آکر گرے۔ سبی میں اے ٹی ایف نے کارروائی کرتے ہوئے 10 کلو بارودی مواد برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے قلات میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے قبائلی رہنما سردار غلام مرتضیٰ شاہوانی پر کلی خاردان میں ہربوئی روڈ پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ادھر نصیر آباد کی تحصیل چھتر کے علاقے سون واہ کے قریب ڈیرہ مراد جمالی سے چھتر جانے والی پک اپ کو نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر روک کرچار افراد نذیر احمد گولہ، اللہ رکھیا کہری، محمد ہاشم کہری اور شہزادہ خان کہری کو گاڑی سمیت اغوا کرکے لے گئے۔ ادھر ھنگو کے علاقہ بڑھ عباس خیل میں مسجد کے اندر پھینکا گیا ہینڈ گرینیڈ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ ادھر جمرود کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ملزم کچھ عرصہ قبل کرپشن کے الزام میں گرفتار کئے گئے تھے، غفلت برتنے پر 12 لیویز اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم سمت سے فائر کئے گئے دو راکٹ پاکستان چوک کے قریب آگرے تاہم نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سبی میں اے ٹی ایف نے کارروائی کرتے ہوئے دس کلو بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد کرلیا۔ دہشت گردوں نے بارودی مواد موری پل پر نصب کیا تھا۔