پاکستان، روس گیس پائپ لائن میں امریکہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے: روسی سفیر

May 06, 2016

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی دیدوف نے کہا ہے کہ جنوب شمالی گیس پائپ لائن پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔کچھ نئی مشکلات ہیں جن پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نوائے وقت سے بات چیت میں روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان میں کراچی سے شمالی علاقوں کے لئے گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کرے گا۔ ان سے پوچھا گیا کہ گیس پائپ لائن منصوبہ پر کام اسی سال شروع ہو جائے گا تو روسی سفیر نے کہا کہ توقع ہے کہ کام اس سال شروع کر دیا جائے گا۔ ان سے استفسار کیا گیا اس راستے میں کیا امریکہ بھی رکاوٹ ہے ۔ تو روسی سفیر نے کہا کہ امریکہ بھی گیس پائپ لائن منصوبے کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے۔ ادھر پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر ڈاکٹر ہان سانگ جون نے اپنی اقامت گاہ پر عشائیہ دیا۔ جنوبی کوریا کے سبکدوش ہونے و الے سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بعد جا رہے ہیں۔ لیکن وہ جنوبی کوریا میں پاکستان کا امیج بہتر بنانے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں